وزیراعظم عمران خان آج زلزلے سے متاثرہ میرپور آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے

Last Updated On 30 September,2019 08:26 am

اسلام اباد: (دنیا نیوز) چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے مطابق وزیراعظم زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے جبکہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف، ریسکیو اور آبادکاری کی نگرانی کے لئے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق میرپور آزاد کشمیر کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں چھٹے روز بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ آزاد کشمیر حکومت نے ریلیف کے کاموں کی نگرانی کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

شہر میں بازار اور دکانیں کھلنا اور معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ متاثرہ سڑکیں ٹریفک کے لئے کھل گئی ہیں۔ تاہم نہر اپر جہلم پر 6 متاثرہ پلوں کی مرمت یا تعمیر شروع نہیں ہو سکی ہے جبکہ 24 ستمبر سے میرپور کے تعلیمی ادارے بند ہیں۔

ادھر وزیراعظم عمران خان پیر کو زلزلہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے وزیراعظم کی آزاد کشمیر آمد کے بارے میں آگاہ کیا اور زلزلے سے نقصانات کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔

دوسری جانب متاثرہ علاقوں میں ریلیف، ریسکیو اور آباد کاری کی نگرانی کے لئے کابینہ کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس کا صدر آزاد کشمیر کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیر سول ڈیفنس احمد رضا کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔

کمشنر میرپور ڈویژن نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے متاثرہ علاقوں کی تفصیلات بتائیں جس کے مطابق زلزلہ میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 680 معمولی اور 172 شدید زخمی ہوئے۔ 1654 مکان مکمل تباہ جبکہ 7 ہزار سے زائد عمارتیں زلزلہ سے متاثر ہوئیں۔ 140 سکولوں کی عمارتیں، 200 گاڑیاں متاثر اور 550 جانور ہلاک ہوئے۔

کمشنر کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری پلوں کی تعمیر ممکن نہیں، عارضی پل سے رابطہ بحال کیا جائے گا۔ متاثرہ خاندانوں میں 1800 ٹینٹ، 650 سے زائد پلاسٹک شیٹ تقسیم کئے گئے۔

متعدد متاثرہ علاقوں میں زیر زمین پانی ناقابل استعمال ہو گیا ہے۔ زلزلہ متاثرہ عمارتوں کے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لئے سروے کیا جا رہا ہے۔
 

Advertisement