اسلام آباد: (دنیا نیوز) میرپور کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں چھٹے روز بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ وزیراعظم عمران خان متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لئے میر پور آزاد کشمیر پہنچ گئے۔
آزاد کشمیر حکومت نے ریلیف کے کاموں کی نگرانی کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دیدی۔ شہر میں بازار اور دکانیں کھلنے کا آغاز اور معمولات زندگی کی بحالی شروع ہوچکی ہے۔ متاثرہ سڑکیں ٹریفک کے لئے کھل گئی ہیں۔ تاہم نہر اپر جہلم پر 6 متاثرہ پلوں کی مرمت یا تعمیر شروع نہیں ہو سکی جبکہ 24 ستمبر سے میرپور کے تعلیمی ادارے بند ہیں۔
دوسری جانب متاثرہ علاقوں میں ریلیف، ریسکیو اور آباد کاری کی نگرانی کے لئے کابینہ کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس کا صدر آزاد کشمیر کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ وزیر سول ڈیفنس احمد رضا کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔
کمشنر میرپور ڈویژن نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے متاثرہ علاقوں کی تفصیلات بتائیں جس کے مطابق زلزلہ میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 680 معمولی اور 172 شدید زخمی ہوئے ۔ 1654 مکان مکمل تباہ جبکہ 7 ہزار سے زائد عمارتیں زلزلہ سے متاثر ہوئیں۔ 140 سکولوں کی عمارتیں، 200 گاڑیاں متاثر اور 550 جانور ہلاک ہوئے۔
کمشنر کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری پلوں کی تعمیر ممکن نہیں، عارضی پلوں سے رابطہ بحال کیا جائے گا۔ متاثرہ خاندانوں میں 1800 ٹینٹ، 650 سے زائد پلاسٹک شیٹس کی تقسیم کی گئی۔ متاثرہ عمارتوں کے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لئے سروے کیا جا رہا ہے۔