جن وزرا کی کارکردگی ٹھیک نہیں، انہیں تبدیل کر رہا ہوں: وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 01 October,2019 09:46 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وزرا کو اراکین اسمبلی کے شکوے شکایات دور کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن کی کارکردگی ٹھیک نہیں، انھیں تبدیل کر رہا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے جس میں حکمران جماعت کے ایم این ایز پھٹ پڑے ہیں۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق پشاور سے ایم این اے ارباب عامر اجلاس میں بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے اور وزیراعظم کو بتایا کہ وزرا ہمیں ملاقات کے لیے وقت بھی نہیں دیتے، حلقے کے عوام کے جائز کام کے لیے بھی وزرا کی منتیں کرتے ہیں، پھر بھی کام نہیں ہو رہے۔

ذرائع کے مطابق ارباب عامر جذباتی ہو کر اجلاس سے اٹھ کر جانے لگے تو وزیراعظم نے روک دیا اور کہا کہ جن وزرا کی کارکردگی ٹھیک نہیں، انہیں تبدیل کر رہا ہوں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے وزرا کو اراکین کے شکوے دور کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ارکان کے تحفظات سننے کے لیے خود ملاقاتیں کروں گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں نورعالم خان کی اسمبلی فلور پر حکومت پر تنقید کا تذکرہ بھی ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں جب لوٹ مار ہو رہی تھی تو نور عالم اس وقت کیوں نہیں بولے؟ نورعالم تمہیں ابھی یاد آیا ہے مہنگائی ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نور عالم سمیت سب کو معلوم ہونا چاہیے کہ مہنگائی کی وجہ کیا ہے؟ گزشتہ دور کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ڈالر کا ریٹ اور مہنگائی بڑھی۔

دوسری جانب وزیراعظم نے پولیس ریفارمز پر پنجاب حکومت سے 8 روز میں تجاویز طلب کرتے ہوئے جامع تجاویز دینے کی ہدایت کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ملاقات تقریباً 1 گھنٹے سے زائد جاری رہی۔

 

اس اہم ملاقات میں آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نے پولیس ریفارمز پر پنجاب حکومت سے آٹھ روز تک تجاویز طلب کرلیں۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پولیس اصلاحات سے متعلق جامع تجاویز دی جائیں۔
 
 

 

Advertisement