اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کی ہدایت پر ایف بی آر کی شکایات کے حل کے لیے اہم فیصلہ کر لیا گیا، سیٹزن پورٹل پر ایف بی آر کو خصوصی کیٹیگری کے طور پر شامل کر لیا گیا، ٹیکس دہندگان اور شہری ایف بی آر سے متعلق شکایات درج کروا سکیں گے۔
وزیر اعظم نے چئیرمین ایف بی آر کی جانب سے بریفنگ کے بعد خصوصی طور پر سیٹزن پورٹل پر ایف بی آر کے لیے خصوصی کیٹگری آلاٹ کرنے کی ہدایت کر دی جس سے ٹیکس دہندگان اور شہری ایف بی آر سے متعلق اپنی شکایات براہ راست سیٹزن پورٹل پر درج کروا سکیں گے۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے ایف بی آر کو اس حوالے سے ایک مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے ایف بی آر کو خصوصی کیٹیگری کے طور پر شامل کیے جانے سے متعلق آگاہ کیا اور ہدایت کی گئی ہے ایف بی آر ٹیکس دہندگان اور شہریوں کو پورٹل پر شکایات کے اندراج سے متعلق آگاہی مہم چلائے، اس کیٹگری سے ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کے مسائل کا صحیح ادراک ہو سکے گا، ٹیکس دہندگان اور شہریوں کی شکایات کا جلد حل بھی ممکن ہو گا، پورٹل پر ایف بی آر کیٹیگری سے شہریوں کو اصلاحات پالیسی سے آگاہی ہوگی۔