اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی ایک اور کڑی شرط پوری کرنے کی تیاری کرلی اور ریئل سٹیٹ شعبے میں کالا دھن روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اعلی سرکاری ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر وفاقی ادارے اور محکمے رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام میں تعاون کریں گے، ریگولیٹری اتھارٹی رئیل سٹیٹ کاروبار کو دستاویز بنائے گی، ریئل سٹیٹ کا کاروبار کرنے والوں کیلئے اتھارٹی میں رجسٹریشن ضروری ہو گی۔
ذرائع کے مطابق سیکوریٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن نے اتھارٹی کے قیام کا مسودہ تیار کرلیا اور امکان ہے کہ منظوری کے لیے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔ رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر ٹیکس کے معاملات ریگولیٹری اتھارٹی کے دائرہ میں شامل نہیں ہوں گے۔