اسلام آباد: (دنیا نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے مذاکرات کے بعد وزارت خزانہ نے اعلامیہ جاری کر دیا۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور ایف اے ٹی ایف کے اے جی پی گروپ کی ملاقات ہوئی۔
دنیا نیوز کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے مذاکرات پر وزارت خزانہ نے اعلامیہ جاری کیا ہے، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ، ایف اے ٹی ایف کے اے جی پی گروپ کی ملاقات ہوئی، پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر حماد اظہر نے کی۔ وفاقی وزیر نے مشترکہ گروپ سے دو دن مذاکرات کیے۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کو اپنا کیس بھرپور انداز میں پیش کیا۔
ایف اے ٹی ایف مذاکرات، پاکستانی وفد کی دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے پر بریفنگ
مذاکرات کے بعد وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان منی لانڈرنگ کے خلاف بھرپور متحرک ہے، پاکستان منی لانڈرنگ کے خلاف عالمی دنیا سے تعاون جاری رکھے گا، تمام مالیاتی جرائم کے خلاف مربوط اقدامات کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) پاکستان سے متعلق رپورٹ کا اکتوبر میں جائزہ لے گا، ایف اے ٹی ایف کا یہ اجلاس 13 سے 18 اکتوبر تک فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہو گا۔
بینکاک میں ایف اے ٹی ایف کا اہم اجلاس منعقد ہوا، پاکستانی 15 رکنی وفد نے شرکت کی جسکی قیادت وفاقی وزیر منصوبہ بندی حماد اظہر کر رہے ہیں۔ وفد میں سٹیٹ بینک ،ایس ای سی پی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز شامل ہیں جبکہ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ، نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی کے ڈائریکٹرز بھی شامل ہیں۔