وزیراعظم کی چینی ہم منصب سے ملاقات، مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

Last Updated On 09 October,2019 09:10 am

بیجنگ: (دنیا نیوز) دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس اہم ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور خطے کی صورتحال سمیت اہم بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان بیجنگ میں گریٹ ہال پہنچے جہاں چینی ہم منصب لی کی چیانگ نے ان کا استقبال کیا۔ چینی وزیراعظم، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاکستانی وزرا سے بھی ملے۔ وزیراعظم عمران خان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، انہیں سلامی بھی پیش کی گئی جبکہ دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب کیساتھ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق بات چیت کی اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی حمایت پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں کی ون آن ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں پاک چین اقتصادی راہداری سمیت دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی وفد میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیر منصوبہ بندی اور ڈی جی آئی ایس آئی شریک تھے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان چین پہنچے تو ان کی لوہے اور سٹیل کی صنعت ’چائنا میٹالرجیکل گروپ‘ کے چیئرمین نے ملاقات کی۔ وزیراعظم سے اورینٹ ہولڈنگ گروپ کے چیئرمین بورڈ نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار، شیخ رشید اور عبدالرزاق داؤد بھی موجود تھے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کی چائنا گیژوبا گروپ کے چیئرمین لیوزی ژیانگ کے ساتھ بھی بیٹھک ہوئی۔ چینی کمپنی نے پاکستان میں نئے کاروباری مواقع کی تلاش، خاص طور پر توانائی کے شعبے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے لانگ مارچ ٹائر کمپنی کے سربراہ سے بھی ملاقات کی اور چین کے دیگر سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وزیراعظم عمران خان کی صدر شی جن پنگ سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ ملاقاتوں کے دوران مسئلہ کشمیر اور سی پیک میں توسیع کے معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی چینی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات گریٹ ہال بیجنگ میں ہوئی۔ وزیراعظم کو گریڈ ہال پہنچنے پر 19 توپوں کی سلامی دی گئی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تجارت کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں ریلویز، سٹیل، آئل اینڈ گیس، سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر بات کی گئی۔

 

چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے پاکستان کے تمام اہم قومی مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور سی پیک منصوبوں کو آگے بڑھانے پر عمران
خان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
 
دوطرفہ مذاکرات کے بعد چینی وزیراعظم نے گریٹ ہال میں ظہرانے کی میزبانی کی۔ وزیراعظم عمران خان نے چین کے 70ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اعگ چین سدا بہار تزویراتی شراکت داری دونوں ممالک کے بنیادی مفادات کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔ پاک چین شراکت داری خطے میں امن، ترقی اور استحکام کی ضامن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سی پیک منصوبہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خطے میں خوشحالی کا سبب ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب کو سی پیک منصوبوں میں تیزی لانے کے حالیہ اقدامات اور گوادر کے ترقیاتی کاموں میں لائی جانے والی تیزی سے بھی آگاہ کیا۔