سکھر: (دنیا نیوز) پولیس افسر کی کھلے عام ڈیوٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی، دوران ڈیوٹی خورشید شاہ کے ہاتھ پر بوسہ، ایس ایس پی سکھر نے معطل کرکے انکوائری کا حکم دے دیا۔
سکھر کی احتساب عدالت میں پیشی کے لیے جب پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید شاہ کو لایا گیا تو ڈیوٹی پر معمور سب انسپکٹر آغا شاہنواز نے خورشید شاہ کے گاڑی سے اترتے ہی ہاتھ پر بوسہ دیا اور مکمل پروٹوکول میں کمرہ عدالت تک پہنچایا۔
باوردی سب انسپکٹر کی یہ حرکت کیمروں کی آنکھ سے بچ نہ سکی اور منظر عام پر آ گئی جس کے باعث سکھر پولیس کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ایس ایس پی سکھر عرفان سمو نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سب انسپکٹر کو معطل کر دیا اور ڈی ایس پی سائیٹ ستار پھل کو انکوائری افسر مقرر کرکے واقعے کی مکمل تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
ایس ایس پی سکھر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سب انسپکٹر نے باوردی ہو کر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جو کہ ڈیوٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی ہے اور غیر پیشہ ورانہ حرکت کا مظاہرہ ہے۔ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیگی اور ڈسپلن کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔