'فواد چودھری کے نوکریوں سے متعلق بیان کو صحیح انداز میں نہیں سمجھا گیا'

Last Updated On 16 October,2019 11:56 am

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومتیں ملازمتیں پیدا کرنے کیلئے نجی شعبے کو بھی وسائل مہیا کرتی ہیں، فواد چودھری کے نوکریوں سے متعلق بیان کو صحیح انداز میں نہیں سمجھا گیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فواد چودھری کے بیان کو درست طریقے سے سمجھا نہیں گیا، ان کا مطلب یہ تھا کہ ماضی میں نوکریاں سیاسی بنیادوں پر دیتی جاتی تھیں، جس سے ادارے تباہ ہو جاتے تھے۔ انہوں نے کہا قائداعظم، لیاقت علی خان کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں، بھارت میں اقلیت کے ساتھ ظلم کیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان میں گلے لگایا گیا۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا شہر کیلئے کے فور منصوبے کا بننا ضروری ہے اور ضرور بنے گا، جن لوگوں نے کے فور منصوبے میں گڑبڑ یا چوری کی ہے وہ بچ نہیں سکتے، بڑے افسوس کی بات ہے جب بھی کوئی ضرورت پڑے تو ہم فورسز کی طرف دیکھتے ہیں۔ گورنر سندھ عمرن اسماعیل نے شہید ملت لیاقت علی خان کے مزار پر حاضری دی، قبر پر پھولوں کی چادرچڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔