اسلام آباد: ( دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان مصالحتی مشن پر آج سعودی عرب جائینگے، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی ان کے ساتھ ہونگے۔
وزیراعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کرینگے، عمران خان ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر حسن روحانی سے ہونیوالی ملاقاتوں سے آ گاہ کریں گے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔ پاکستان نے سعودی عرب اور ایران میں مذاکرات کیلئے میزبانی کی بھی پیشکش کی ہے۔
دوسری جانب ایک ٹویٹ میں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا پاکستان، سعودی عرب اور ایران اسلامی دنیا کے تین اہم بھائی ہیں، پاکستان کے اپنے دونوں بھائیوں کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، وزیراعظم کے دورے خطے میں امن و استحکام اور اتحاد کیلئے سنگ میل ثابت ہونگے۔