اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) اسلام آباد پولیس نے آزادی مارچ کے شرکا کو اسلام آباد سے باہر ہی روکنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ دھرنے کیلئے کسی قسم کا کوئی بھی سامان دینے پر دکانداروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔
آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈی آئی جی سکیورٹی، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈائریکٹر سیف سٹی، آر پی او راولپنڈی، ڈی پی او نوشہرہ، ڈی پی او اٹک اور موٹروے پولیس کے افسروں نے شرکت کی،پولیس حکام نے آزادی مارچ اور دھرنے کے دوران امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے حوالے سے غور کیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ،شہریوں کی آزادانہ نقل وحرکت کو یقینی بنانے کے لئے شہر بھر میں سکیورٹی کے بھی مناسب انتظامات کئے جائیں گے ، اجلاس میں شہر کے داخلی راستوں پر مظاہرین کو روکنے کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے ۔ دوسری جانب وفاقی پولیس نے مراسلہ میں کہا کہ دھرنے کے شرکا کو کیٹرنگ، ٹینٹ ، ہوٹل میں رہائش، جنریٹراورسائونڈ سسٹم سمیت کوئی بھی سہولت دینے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ جمعیت علما اسلام نے ساؤنڈ سسٹم ،جنریٹراور دریوں سمیت ضروری سامان ساتھ لانے کا پلان تشکیل دے دیا۔