اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وفاق المدارس العربیہ نے موجودہ سیاسی صورتحال میں کسی ایک فریق کے ساتھ بیٹھنا غیر جانبداری متاثر ہونے کے مترادف قرار دیدیا۔
وفاق المدارس کے ذرائع کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے آزادی مارچ میں مدارس کے طلبا شریک نہیں ہونگے ، مدارس کا سیاسی معاملات سے کوئی تعلق نہیں، اگر کوئی طالب علم آزادی مارچ میں شریک ہوتا ہے تو یہ اسکا ذاتی عمل ہوگا،دوسری جانب اہل سنت کی مذہبی جماعتوں اور علماو مشائخ اہل سنت نے ماہ ربیع الاول کے احترام کے پیش نظر آزادی مارچ موخر کرنے کا مولانا فضل الرحمان سے مطالبہ کیا ہے تاکہ جشن عید میلاد النبی کو عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جاسکے ، جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے مرکزی نائب صدر پیر سید صفدر شاہ گیلانی نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول شریف کے احترام کے پیش نظر احتجاج اور دھرناسیاست نہ کی جائے ،مولانا فضل الرحمان ربیع الاول کے احترام کے پیش نظر آ زادی مارچ کو موخر کردیں۔