تمام سرکاری افسروں کے بھی بیرون ملک دوروں پر پابندی

Last Updated On 21 October,2019 09:44 am

راولپنڈی: (زاہداعوان سے) پنجاب میں وزرا اور سیکرٹریز کے بعد تمام سرکاری افسروں و ملازمین کی بیرون ملک رخصت اور دوروں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔

صرف مجاز اتھارٹی انفرادی طور پر عمرہ، حج، زیارت اور میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں بیرون ملک جا سکیں گے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری سرکلرمیں صوبہ بھر کے تمام انتظامی وپولیس افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہرقسم کی بیرون ملک رخصت (ایکس پاکستان لیو) اور بیرونی دوروں پر پابندی عائد کردی ہے جس کااطلاق فوری طور پر ہوگا۔

پنجاب بھر کے سیکرٹریوں، آئی جی پنجاب، کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحت تمام افسروں و ملازمین کو اس پابندی سے آگاہ کریں اور اس پابندی کی روح کے مطابق سختی سے عمل کرائیں۔