لاہور: (دنیا نیوز) دنیا نیوز کے پرو گرام 'نقطہ نظر' میں گفتگو کر تے ہوئے سینئر تجزیہ کار مجیب الرحمن شامی نے کہا احسن اقبال کے بقول مسلم لیگ (ن) اسلام آباد میں آزادی مارچ میں شریک ہو گی، اسلام آباد میں ان کے رہنما اور کارکن بھی پہنچیں گے، مولانا فضل الرحمن پشاور موڑ پر خطاب کرینگے اور ان کے دائیں بائیں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی شخصیات نظر آجائیں گی۔
میرے خیال میں دونوں جماعتوں نے اس مارچ سے وابستگی نہیں دکھائی، اسے مولانا فضل الرحمن کا مارچ سمجھ کر اس کی تائید کی ہے، مولانا فضل الرحمن نے جو سیاسی صورتحال پیدا کی تھی اس سے دونوں بڑی جماعتوں نے فائدہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے یہ پیغام دیدیا ہے کہ وہ اس مارچ میں شریک نہیں ہیں اور طاقتور حلقوں تک ان کا پیغام پہنچ گیا ہے، ان کے اس احسان کو وہاں محسوس کیا جا رہا ہو گا اور یہ نوٹ کر لیا گیا ہو گا اور یہ ان کے کام آئے گا، تاہم مولانا فضل الرحمن نے جمود توڑ دیا ہے۔