لاہور: (دنیا نیوز) گلوکارہ و ماڈل میشا شفیع کے خلاف 100 کروڑ روپے کے ہتک عزت کے دعویٰ میں بڑی پیشرفت ہوئی، بیٹی نے علی ظفر کے خلاف ہراساں کرنے کے ٹویٹ سے دو ہفتے قبل افسوسناک واقعے سے آگاہ کیا، میشا شفیع کی والدہ صبا حمید نے عدالت میں بیان ریکارڈ کروا دیا۔
اداکار علی ظفر کے ماڈل میشا شفیع کے خلاف ایک ارب روپے (100 کروڑ روپے) کے ہتک عزت کے دعویٰ کی سماعت ہوئی، سماعت ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ نے کی۔ ماڈل کی والدہ صبا حمید نے عدالت میں پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرایا۔
والدہ صبا حمید نے اعتراف کیا کہ فلم انڈسٹری میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات ہوتے ہیں مگر منظر عام پر نہیں آتے۔ بیٹی کے ساتھ واقعے کا سن کر ششدر رہ گئی۔ بیٹی کو واقعہ کو منظر عام پر لانے سے متعلق کوئی رائے نہیں دی لیکن اس کے مثبت اور منفی نتائج کے بارے میں بتا دیا تھا۔
وکیل کے سوال پر صبا حمید نے دعویٰ کیا کہ انہیں معلوم ہے کہ اداکار علی ظفر نے کس کس کو ہراساں کیا لیکن ان کا نام نہیں بتانا چاہتی۔ جو خواتین کو اپنے واقعے کو رپورٹ نہیں کرنا چاہتیں، ان کا نام کیوں لیا جائے۔
عدالت نے اداکار علی ظفر کے دعویٰ پر کارروائی 2 نومبر تک ملتوی کر دی اور آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا۔