اسلام آباد: (دنیا نیوز) خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایوان میں تقریر کا حق نہیں تو اسے جمہوریت نہیں سمجھتے، کل 65 ہزار جعلی ووٹوں سے نا اہل شخص نے ایوان میں بیٹھ کر اس کرسی کی توہین کی، ایسے لوگ اپنے لیڈروں کو گالیاں پڑواتے ہیں۔
لیگی رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ایوان کیلئے کل کوئی اچھا شگون نہیں تھا، جیسے قانون سازی ہوئی، سارا ایوان شرمسار ہوا، جمہوریت کے بغیر وفاق قائم نہیں رہ سکتا، جو اقتدار میں ہوتا ہے سب سے زیادہ کم علم ہوتا ہے، ان کو نہیں پتا ، جب ان کے سر پر چھت گرے گی تو پتا چلے گا، آپ لوگ الیکشن کا مطالبہ کرتے تھے، ہم کر رہے ہیں تو مسئلہ ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا میرے قائد کو عہدے سے ہٹایا گیا، میرا قائد ضمانت پر ہے، آج ان کا قائد پکڑا گیا، انہوں نے ہندوستانیوں سے پیسے لیے، ان کو احساس نہیں، ایسے جمہوریت کا بیڑا غرق ہوگا، 12 آرڈیننس بغیر بحث ایوان سے منظور ہوئے، آپ نے بیج خود بویا ہے، کنٹینر پر ڈانس کیا کرتے تھے، آپ ہی نے کنٹینر کی روایت ڈالی، یہ لوگ نیازی صاحب کو گالیاں پڑواتے ہیں، یہ لوگ نیازی صاحب کے دوست نہیں، دشمن ہیں۔