لاہور: (اخلاق باجوہ سے) مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے شہبازشریف کو مولانا فضل الرحمن سے فوری ملاقات کی ہدایت کردی۔
نوازشریف نے صدر کے مواخذے اور مولانا فضل الرحمن کے دھرنے سمیت شہبازشریف کو تمام اپوزیشن سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں اور رابطے کی ہدایت کردی۔ ذرائع کے مطابق رائے ونڈ جاتی امرا میں نوازشریف کی شہبازشریف نے تیمار داری کی ،دونوں رہنمائوں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال پر طویل تبادلہ خیال ہوا ،ملاقات میں مریم نواز بھی موجود تھیں،دونوں رہنمائوں میں اتفاق ہوا کہ عمران خان کے استعفے ، صدر عارف علوی کے مواخذے اور مولانا فضل الرحمن کے مطالبات کی حمایت کی جائیگی ۔ذرائع کے مطابق نوازشریف نے شہبازشریف کو اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی ہدایت کی جبکہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بھی رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیاگیا، ملاقات میں نواز شریف نے حکومت پر دباؤ بڑھانے کیلئے ملک گیر سطح پر احتجاج، جلسے جلوس اور ریلیوں کے انعقاد کی بھی ہدایت دی اس سلسلے میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔