پروڈکشن آرڈر کیلئے شاہد خاقان عباسی نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

Last Updated On 09 November,2019 06:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی میں شرکت کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی میں درخواست رانا مشہود کی وساطت سے دائر کی ہے، درخواست میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، نیب، حکومت پنجاب، حکومت پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ شاہد خاقان عباسی نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو متعدد بار پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست دی تھی، انکی درخواست پر سپیکر قومی اسمبلی نے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ماضی میں دیگر اراکین اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے ہیں لیکن درخواست گزار کے پروڈکشن آرڈر نہیں جاری کیے گئے۔ سپیکر قومی اسمبلی کا شاہد خاقان عباسی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کا اقدام آرٹیکل4 کی خلاف ورزی ہے۔

شاہد خاقان عباسی کی طرف سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے سے این اے 124 کے ووٹرز نمائندگی سے محروم ہیں، پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں نیب کی طرف سے گرفتار کیا گیا ہے۔
 

Advertisement