اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو اور زرداری کے وکلاء سابق صدر آصف علی زرداری کو درخواست ضمانت کے لیے قائل نہ کر سکے، پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے آصف زردار ی کو منانے کے لئے بلاول بھٹو سے اجازت مانگ لی۔
آصف زرداری نے کہا کہ یہ کیس میرا ہے اور اس کے بارے میں فیصلہ بھی میں خود کروں گا، دیکھتے ہیں حکومت کہاں تک جاتی ہے۔ سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک اور سردار لطیف کھوسہ بھی آصف زرداری کو راضی نہ کرسکے۔
پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے بھی سابق صدر کی خراب صحت پر اظہار تشویش کیا گیا، پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت آصف زرداری کے علاج میں ذاتی معالجین کی شمولیت اور پرائیویٹ بورڈ کی حامی ہے، ساتھ ہی ان کی بگڑتی صحت کے پیش نظر درخواست ضمانت دینا چاہتی ہے جس کے لیے سابق صدر ابھی تیار نظر نہیں آتے۔