پاک بحریہ کے بحری جہازوں کی بین الاقوامی میری ٹائم مشق 2019ء میں شرکت

Last Updated On 11 November,2019 08:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے بحری جہازوں شمشیر، محافظ اور لانگ رینج میری ٹائم پیٹرول ائیر کرافٹP3C نے بحیرہ عرب اور خلیج عمان میں منعقدہ انٹرنیشنل میری ٹائم مشق 2019ء میں شرکت کی۔ دو ہفتوں سے زائد مدت تک جاری رہنے والی اس مشق میں 50 سے زائد ممالک کے بحری اثاثہ جات اور جوانوں نے شرکت کی۔

بین الاقوامی میری ٹائم مشق 2019ء نے پاک بحریہ کو دنیا کی دیگر بحری افواج کے ساتھ مشترکہ آپریشنل تیاریوں میں اضافے کا موقع فراہم کیا۔ مشق کے دوران پاک بحریہ کے دونوں بحری جہازوں شمشیر اور محافظ نے بالترتیب مسقط اور بحرین کا بھی دورہ کیا۔

بندرگاہوں کے دورے کے دوران دونوں بحری جہازوں پر استقبالیہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں میزبان بحریہ کے سینئر افسران، سفارت کاروں، میزبان ممالک اور پاکستانی کمیونٹی کی معزز شخصیات اور انٹر نیشنل میری ٹائم مشق 19 میں شرکت کر نے والے جہازوں کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔

حکومت پاکستان کی پالیسیوں کے مطابق پاک بحریہ ہمیشہ سے خطے میں میری ٹائم حفاظت اور سیکورٹی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے میں پر عزم رہی ہے۔

پاک بحریہ کے اثاثہ جات کی انٹر نیشنل میری ٹائم مشق 19 میں شرکت بین الاقوامی میری ٹائم اشتراکی سیکورٹی میکنزم جیسے کہ ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پیٹرولز اور مشترکہ میری ٹائم فورس میں شرکت کے ذریعے میری ٹائم آرڈر میں معاونت فراہم کرنے جیسے اقدامات، پاکستان کے ذمہ دار ریاست ہونے کے تصور کو مزید تقویت دیں گے۔

انٹرنیشنل میری ٹائم مشق 19 کا پلیٹ فارم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت، کشمیری عوام کی حالت زار اور مسئلہ کے حل تک کشمیریوں کی حق اور انصاف کی جدوجہد میں پاکستان کی مسلسل حمایت کے بارے بین الاقوامی توجہ مبذول کرانے کے لئے بھررپور طور پر استعمال کیا گیا۔