'قدرت نے پاکستان کو 1 ہزار کلومیٹر سے زائد طویل ساحلی پٹی سے نوازا ہے'

Last Updated On 26 September,2019 03:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ قدرت نے پاکستان کو ایک ہزار کلومیٹر سے زائد طویل ساحلی پٹی اور خصوصی اقتصادی زون سے نوازا ہے جو وسائل سے مالا مال ہے، پاک چین اقتصادی راہداری تیزی سے تکمیل کی طرف رواں دواں ہے، اس سے پاکستان میں میری ٹائم سر گرمیوں میں کئی گناہ اضافہ ہو گا۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ورلڈ میری ٹائم ڈے کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے جڑے معاشی مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائے، خواتین کی میری ٹائم شعبہ جات میں دلچسپی دیر پا فوائد کے حصول میں مددگار ہے، پاک بحریہ ملکی میری ٹائم سیکٹر کی ترقی میں بھر پور مدد و معاونت کر رہی ہے، میری ٹائم آگاہی مہم کے ذریعے اس سیکٹر کی ترقی کا حصول ممکن بنایا جا رہا ہے۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ میری ٹائم کی تعلیم کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے، بحریہ یونیورسٹی نے حال ہی میں میری ٹائم ڈسپلن میں مرد و خواتین کے لیے ماسٹر اور گریجویٹ پروگرا مز کا آغاز کیا ہے، اس اہم دن کے موقع پر پاک بحریہ، پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کی ترقی اور اس کے مختلف شعبوں میں خواتین کو با اختیار بنانے کے سلسلہ میں اپنی بھر پور مدد و تعاون کے عزم کا اعادہ کرتی ہے، میری ٹائم سیکٹر میں ترقی خود کفالت اور معاشی ترقی کے حصول کی طرف ایک اہم قدم ہوگا۔