کراچی: (دنیا نیوز) دشمن کا ڈٹ کرمقابلہ کرکے اسے شکست فاش دینے میں بری، فضائی افواج کی طرح پاک بحریہ بھی کسی سے کم نہیں، جنگ ستمبر میں پاکستان بحریہ کی شاندار کارکردگی کی یاد میں ہرسال آٹھ ستمبر کو یوم بحریہ منایا جاتا ہے۔
1965ء کی جنگ میں بری اور فضائی افواج کے ساتھ پاک بحریہ کے جوانوں نے اپنا زور بازو دکھاتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ بھرپورطریقے سے انجام دیا۔ آٹھ ستمبر کو بحری افواج نے تاریخ رقم کرتے ہوئے آپریشن دوارکا میں دشمن کے دلوں پر لرزہ طاری کیا۔ پاکستان کی واحد آبدوز’غازی‘ نے اپنے نام کی لاج رکھی۔
یوم بحریہ پر نیول چیف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک بحریہ دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ آج کا دن بحریہ کے جوانوں کی شجاعت کی یاد دلاتا ہے۔ اس روز پاک بحریہ کے جہازوں نے بھارت کے ساحل پر حملہ کیا اور دوارکا میں بھارتی ریڈار سٹیشن تباہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ خون کے آخری قطرے تک مادر وطن کا دفاع کریں گے۔