اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کی۔
کانفرنس کے دوران آپریشنل تیاریوں، موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف آف دی نیول سٹاف کو اس موقع پر پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
چیف آف دی نیول سٹاف نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں، آبدوزوں اور ائیر کرافٹ کی بروقت تعیناتی پر فیلڈ کمانڈرز کو سراہا۔ انہوں نے آفیسرز اور سیلرز کی آپریشنل تیاریوں کے باعث دشمن کے جارحانہ عزائم کو ناکام کرنے اور موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے دوران پاک بحریہ کے ہمہ وقت تیار اور مستعد رہنے کے عزم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے تمام کمانڈرز کو ایریا آف رسپانسبیلٹی میں مسلسل چوکنا رہنے کی تلقین کی۔
چیف آف دی نیول سٹاف نے کثیر الملکی مشق امن 19 کے کامیاب انعقاد پر تمام فیلڈ کمانڈرز کی کاوشوں کو سراہا جس میں 46 ملکوں نے اپنے بحری اثاثوں اور مبصرین کے ساتھ شرکت کی۔
یہ مشق علاقائی اور غیر علاقائی ممالک کا پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے جو کہ ہمارے دشمن کی بین الاقوامی طور پر پاکستان کو اکیلا کرنے کی سازش کو ناکام بنا چکی ہے۔
کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس پاک بحریہ کی اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم ہے جس میں تمام چیفس آف سٹاف، پرنسپل سٹاف افسران اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبوں کا دفاعی زاویے سے جائزہ لیتے ہیں۔