لاہور: (دنیا نیوز) حکومت کو ضمانتی بانڈز نہ دینے پر تمام رہنماؤں کا اتفاق، پارٹی رہنماؤں کو بتایا گیا کہ نواز شریف کی حالت بدستور تشویشناک ہے، نام ای سی ایل سے نکلتے ہی روانگی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کے زیر صدارت مسلم لیگ ن کی سینئر لیڈرشپ کے اجلاس میں تمام پارٹی رہنماؤں نے اتفاق کیا ہے کہ حکومت کو بالکل ضمانتی بانڈز نہیں دیئے جائیں گے۔ شہباز شریف نے واضح کیا کہ جب سزا ہی معطل ہے تو پھر کیسی شرط؟ کیسا جرمانہ؟
اجلاس میں پارٹی کے تمام رہنماؤں کی جانب سے حکومتی اقدامات کی بھرپور مزاحمت کا فیصلہ کیا گیا۔ پارٹی نے قانونی آپشنز پر حکومت کو بے نقاب کرنے کے لئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا۔
ن لیگ کے اجلاس میں نواز شریف کی صحت بارے حکومتی منفی اقدامات کی مذمت کی گئی۔ پارٹی کی سینئر قیادت کو بتایا گیا کہ نواز شریف کو جلد از جلد بیرون ملک علاج کی اشد ضرورت ہے، انھیں اجازت ملتے ہی بیرون ملک بھجوایا جائے گا۔ ائیر ایمبولینس سٹینڈ بائی ہے، نام ای سی ایل سے نکلتے ہی منگوا لی جائے گی۔ سینئر قیادت کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت سیاسی انتقام کی بدترین مثالیں قائم کر رہی ہے۔