نوازشریف کو عدالتوں نے ریلیف دیا، بیرون ملک گئے تو واپس ضرور آئیں گے: خواجہ آصف

Last Updated On 14 November,2019 02:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نوازشریف زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں، نوازشریف کی جان کو شطرنج کا مہرہ نہ بنائیں۔ وہ باہر نہیں جانا چاہتے، آج بھی کہتا ہوں نوازشریف بیرون ملک گئے تو واپس ضرور آئیں گے۔

 قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نوازشریف کا راستہ اگر روکا تو آپ یہاں بھی جواب دیں گے اور آگے بھی جواب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو عدالتوں نے ریلیف دیا۔ وہ بیرون ملک نہیں جانا چاہتے، والدہ اور فیملی کے دباو پر باہر علاج کروانے پر رضا مندی ظاہر کی۔ ڈاکٹرز نے انہیں کہا کہ جتنا علاج یہاں کر سکتے تھے کر دیا، ہمارے پاس ٹیکنالوجی موجود نہیں، ہیوسٹن کے ہسپتال میں جا کر علاج کروائیں جہاں ایک چھت تلے سب سہولیات میسر ہوں گی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا سب کچھ پاکستان میں ہے،سیاستدان کی سب سے بڑی جائیداد اس کی سیاست ہوتی ہے، موجودہ حکمرانوں میں بدلےکی آگ بھڑک رہی ہے، قانون سازی کا جو مذاق اڑایا گیا چند روز قبل سب نے دیکھ لیا، فروغ نسیم کےبیانات مشرف اور نوازشریف کیلئے مختلف ہیں۔ واشنگٹن میں کہا گیا کہ میں ان سے اے سی، فریج واپس لے لوں گا، وزارت عظمیٰ کا عہدہ رکھنے والے کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں، بڑے عہدے پر بڑی باتیں کی جاتی ہیں، چھوٹی نہیں، آپ کو نوازشریف کے ضامن کی ضرورت ہے تو ہم یہاں ضامن بیٹھے ہیں۔ نوازشریف کو اجازت دیں قسم کھا کر کہتا ہوں واپس آئیں گے۔