اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رولز آف لاء سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، این آر او مانگنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔
وزیراعظم نے 2 روز کے تعطل کے بعد آج سے سرکاری و پارٹی مصروفیات کا آغاز کر دیا۔ عمران خان سے معاون خصوصی زلفی بخاری، بابراعوان اور عامر لیاقت حسین نے بنی گالہ میں الگ الگ ملاقائیں کیں۔ وزیراعظم سے بابر اعوان کی ملاقات کے دوران نواز شریف کے ای سی ایل کیس سمیت آئینی قانونی اور سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے دوٹوک الفاظ میں کہا ادارے پاکستان کو مضبوط رکھنے کے لئے ایک پیج پر ہیں، ملک میں انصاف کا بول بالا چاہتے ہیں، احتساب ہی ہمیشہ پہلی ترجیح رہے گی، کرپشن ریاست کے لئے دیمک ہے، اداروں کی تعمیر نو اور مضبوطی کے بغیر کام نہیں چلے گا، عوامی ریلیف کے لئے اس ماہ بڑے ایکشن سامنے آئیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کشمیر سے متعلق کہا کشمیر شہ رگ ہے اور آزادی کشمیریوں کی منزل ہے، میڈیا قوم کی تعلیم و تربیت کا فرض ادا کرے، اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت ادارے مضبوط ہو رہے ہیں۔