اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے تدارک اور روک تھام کیلئے ملک کے تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کی شناخت کا نیا نظام متعارف کرا دیا ہے۔
پاکستان کسٹمز نے ملک کے 7 ائیرپورٹس پر مسافروں کی شناخت کے لئے رسک مینجمنٹ نظام شروع کر دیا ہے۔ اس نظام کے تحت مسافروں کی پیشگی شناخت ممکن ہوگی۔
اعلامیہ کے مطابق نظام فیٹف ایکشن پلان کے لائحہ عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ اس نظام کی بدولت مسافروں، ڈرگ سمگلرز اور منی لانڈررز کو پکڑا جا سکے گا۔
اس شناختی نظام کو امریکی کسٹمز کے ادارہ اور ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن کے تکنیکی تعاون سے متعارف کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت مسافروں کی پیشگی شناخت ممکن ہوگی.
اس نئے نظام کے تحت پاکستان آنے اور باہر جانے والے مسافروں کا شناختی پروفائل بھی تیار ہو جائے گا جس سے شناخت میں آسانی میسر آئے گی۔ چئیرمین ایف بی آر سید شبر زیدی نے نئے نظام کے متعارف ہونے پر کہا کہ اس نظام سے کسٹمز اہلکاروں کی ائیرپورٹس پر موجودگی کم ہو جائے گی اور مسافروں کی ائیر پورٹس پر شناخت کا عمل کم وقت میں ممکن ہو پائے گا۔
چئیرمین نے ممبر کسٹمز آپریشنز کو مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام بارڈر ایجنسیز سے معلومات کے تبادلہ سے قبل کسٹمز اہلکاروں کے لئے مناسب ٹریننگ سیشنز کا انعقاد کیا جائے۔