منی لانڈرنگ کیس: نیب نے آصف علی زرداری کو گرفتار کر لیا

Last Updated On 10 June,2019 11:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے میگا منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت مسترد ہونے کے بعد نیب کی ٹیم نے سابق صدر آصف علی زرداری کو گرفتار کر لیا۔ انہیں نیب راولپنڈی آفس کے سیل نمبر دو میں رکھا گیا ہے جبکہ وارنٹ نہ ہونے کے باعث فریال تالپور کو گرفتار نہ کیا جا سکا۔

دنیا نیوز کے مطابق نیب کو گرفتاری سے دینے پہلے آصف علی زرداری نے اپنی بیٹی آصفہ زرداری کو گلے لگایا اور پیار کیا۔ سابق صدر کی نیب راولپنڈی منتقلی کے بعد نیب نے پمز ہسپتال سے ایمبولینس مانگ لی ہے، ایمبولینس زرداری کی نیب لاک اپ میں رکھنے کے پیش نظر مانگی گئی۔

ذرائع کے مطابق جب تک زرداری نیب راولپنڈی /اسلام آباد بیورو میں رہیں گے، سرکاری ایمبولینس بھی وہیں موجود رہے گی، سرکاری ایمبولینس سابق صدر کو کسی بھی فوری طبی مدد فراہم کرنے کے لیے رکھی گئی ہے۔

 پولِی کلینک کے میڈیکل بوڈر نے آصف علی زرادری کا طبی معانئہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے آصف زرداری کو میڈیکل فٹ قرار دے دیا، آصف زرادی کی شوگر170۔ بلڈ پریشر 130 اور 80 ہے ۔دل کی دھڑکن 88 اور نارمل ہے۔ تین رکنی بوڈر میں ڈاکٹر آصف عرفان میڈیکل اسپشلسٹ۔ ڈاکٹر حامد اقبال کارڈلوجسٹ اور ڈاکٹر امیتاز حسن شامل تھے۔

دنیا نیوز کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کو نیب راولپنڈی میں منتقل کیے جانے کے بعد نیب راولپنڈی آفس کے باہر رینجر تعینات کے ساتھ سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

دوسری طرف نیب کی طرف سے آصف علی زرداری کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں ان کا کل احتساب عدالت سے 15 روز کا ریمانڈ لینے کی استدعا کی جائے گی۔

دوسری طرف پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی نیب عدالت میں پیشی کا سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا۔ پلان کے مطابق 300 اہلکار نیب راولپنڈی کے دفتر پر سکیورٹی کے فرائض انجام دینگے۔

دنیا نیوز کے مطابق نیب عدالت کے باہر 500 اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات رہیں گے، ٹریفک پولیس کے دو سو اہلکار تعینات ہونگے جو نیب پنڈی دفتر سے نیب عدالت تک تعینات رہیں گے۔ اس دوران نیب پنڈی کے دونوں اطراف کی سٹرکیں مکمل بند رہیں گی۔

نیب عدالت کے جی الیون روڈ بھی سکیورٹی کی وجہ سے بند رہے گی۔ نیب عدالت اور نیب پنڈی کے باہر رینجرز اہلکار گشت پر تعینات ہوں گے۔۔ اگر کارکنان آئے تو آبپارہ چوک سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نیب عدالت اگر کارکنان پہنچے تو ان کو پراجیکٹ موڑ پر روک لیا جائے گا۔ فیض آباد اور داخلی راستوں پر بھی انٹی رائٹس فورس تعینات ہوگی۔
 

اس سے قبل عدالت نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔ جس کے بعد دونوں کو گرفتار کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن کیانی نے میگا منی لانڈرنگ کیس کا فیصلہ سنایا۔ نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ نے اپنے دلائل میں کہا صرف 20 منٹ دلائل دوں گا، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ تو دلائل دے چکے، یہ ضمانت ہے، سزا کیخلاف اپیل نہیں۔

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ کیس کی ایف آئی آر میں 29 اکاؤنٹس ٹریس ہوئے، میگا منی لانڈرنگ کیس میں ساڑھے 4 ارب کی ٹرانزیکشن ہوئی، اے ون انٹرنیشنل، عمیر ایسوسی ایٹس سے اربوں کی ٹرانزیکشن ہوئی، اکاؤنٹس کیساتھ زرداری گروپ اور پارتھینون کمپنیوں کی ٹرانزیکشن ہوئی، یہ 29 میں سے صرف ایک اکاؤنٹ کی تفصیل ہے، دیگر 28 اکاؤنٹس کی تفتیش جاری ہے، آصف زرداری کی درخواست ضمانت ناقابل سماعت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: زرداری، فریال ضمانت مسترد، پیپلز پارٹی کا پروڈکشن آرڈر جاری کرنیکا مطالبہ

سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے جوابی دلائل میں کہا چیئرمین نیب کے پاس وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار نہیں، اس کیس میں چیئرمین نیب نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست مسترد کی۔

عدالت میں سماعت مکمل ہونے کے بعد آصف علی زرداری اور فریال تالپور فیصلہ سنے بغیر عدالت سے چلے گئے۔ صحافی کے سوال فیصلے سے کیا توقع ہے پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ جو بھی ہو گا خیر ہو گا۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت کو بجٹ بنانا ہی نہیں آتا۔ نواز شریف سے اتحاد اور ماضی میں انہیں ناقابل اعتبار قرار دینے کے سوال پر انہوں نے الٹا صحافی پر سوال داغ دیا کہ اسے کس نے بھیجا ہے۔

متنازع عدالتی فیصلوں کو عوام نے کبھی قبول نہیں کیا: بلاول
اُدھر پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے فیصلے کے بعد کارکنوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیالے اشتعال میں نہ آئیں۔ متنازع عدالتی فیصلوں کو عوام نے کبھی قبول نہیں کیا۔ ہم نے ہمیشہ عدالتوں میں اپنی بے گناہی کو ثابت کیا ہے، جانبدارانہ عدالتی فیصلوں کے باوجود قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتی ہے۔

کارکن پر امن رہیں : مصطفی نواز کھوکھر
اس موقع پر ترجمان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مصطفی نواز کھوکھر کی ملک بھر کے جیالوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے، ہم ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کررہے ہیں، جیالے مشتعل نہ ہوں، ضبط کا مظاہرہ کریں۔ تفصیلی عدالتی فیصلے کی روشنی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، آج سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے۔