کراچی: (دنیا نیوز) ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن تیز کر دیا، کراچی کے علاقے صدر میں حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم گرفتار کر لیا گیا ادھر کوئٹہ میں بھی دوملزمان کو دھر لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی۔
منی لانڈرنگ کرنیوالوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا، ایف آئی اے کی مختلف شہروں کارروائیاں، کراچی صدر میں کوہ نور مارکیٹ میں ایف آئی اے نے چھاپہ مار کر حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران 40 لاکھ روپے کی کرنسی برآمد ہوئی۔
ایف آئی اے نے کوئٹہ کے علاقے جناح روڈ پر بھی کریک ڈاؤ ن کیا، حوالہ ہنڈی میں ملوث دوملزمان نعمت اللہ اور حبیب الرحمن کو گرفتارکر لیا۔ چھاپے کے دوران اڑھائی کروڑ سے زائد کی ملکی وغیرملکی رقم سمیت بڑی تعداد میں بینکوں کے چیکس بھی برآمد کر لئے گئے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہیں جن سے ان کے ایک اور ساتھی سے متعلق تفتیش جاری ہے۔