لاہور: (دنیا نیوز) عثمان ڈار کے کزن سہیل ڈار کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات، ایف آئی اے افسر تبدیل، ڈپٹی ڈائریکٹر ملک ناصر مجید کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) رہنما عثمان ڈار کے کزن سہیل ڈار کیخلاف منی لانڈرنگ کیس تحقیقات کرنے والے ایف آئی اے افسر کا تبادلہ کر دیا گیا۔ بہاولپور سرکل میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر ناصر مجید کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔
ملک ناصر مجید نے بہاولپور زون میں سہیل ڈار کے ایکسچینج ہاؤس پر چھاپہ مارا تھا جبکہ ایف آئی اے نے 10 اپریل کو سہیل ڈار کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق سہیل ڈار اور ان کا مینجر ناصر حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کرنے والے افسر ناصر مجید کے تبادلے کیلئے سیاسی دباؤ تھا جبکہ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ سہیل ڈار میرے کزن ہیں لیکن مجھے مقدمے کا پتا نہیں، میں نے ہمیشہ شفافیت اور قانون کی بالادستی کے لیے آواز اٹھائی۔