دوستی مزید مستحکم بنائیں گے: عمران خان کا سری لنکن ہم منصب کو فون

Last Updated On 21 November,2019 10:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے مہندا راجا پاکسے کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کے دوران عمران خان نے سری لنکن وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کی تاریخی دوستی کو مزید مستحکم بنائیں گے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات کو بلندیوں تک پہنچانے کے لیے نئے مواقع ڈھونڈیں گے۔

دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن ہم منصب کو ٹیلیفون بھی کیا اور انہیں دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

 

دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹر ٹویٹر پر وزیراعظم کے ٹویٹ پر ری ٹویٹ کرتے ہوئے سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کی نیک خواہشات کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بہترین تعلقات کے لیے آپ (وزیراعظم عمران خان) کیساتھ اور آپ کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہشمند ہوں۔