کراچی: (دنیا نیوز) ملکی سونے کرکٹ میدان آباد کرنے کے لیے سری لنکن ٹیم پاکستان آنے کے لیے تیار ہو گئی۔ دورے کے دوران واحد ٹیسٹ لاہور میں کھیلے جائے گا۔
دنیا نیوز کے مطابق پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، سونے میدان آباد کرنے کے لیے سری لنکا ملک میں کھیلنے کے لیے تیار ہو گئی، لاہور سے ختم ہونے والا سلسلہ دوبارہ لاہور سے ہی شروع ہو گا۔ لنکن ٹائیگر اور گرین شرٹس کی ٹیم لاہور میں واحد ٹیسٹ کے لیے آمنے سامنے ہونگی۔
یاد رہے کہ 3 مارچ 2009ء کو سری لنکن ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے لیے قذافی سٹیڈیم آ رہی تھی۔ جب یہ حملہ ہوا تھا، اس میچ کو آئی سی سی کی طرف سے ڈرا کر دیا گیا تھا۔ لبرٹی کے مقام پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، اس حملے کے دوران 6 لنکن کرکٹر (سمارا ویرا، تھرنگا پراویتانا، کمارا سنگا کارا، مہیلا جے وردھنے، چمندا واس، سورنگا لکمل، اجنتھا مینڈس) زخمی ہوئے تھے، زخمی ہونے والوں میں نائب کوچ پاؤل فربریس بھی شامل تھے جبکہ چھ پولیس اہلکاروں سمیت دوشہری ہلاک ہو گئے تھے۔
اس حملے کے بعد ملک میں عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے، پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کی کوششیں کرتا رہا دو مرتبہ پاکستان میں سپر لیگ کے میچز ہوئے تاہم اس دوران زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کر سکی۔ کوئی بڑی ٹیم پاکستان نہ آ سکی تاہم اب وہی ٹیم پاکستان آ رہی ہے جس پر حملہ ہوا، دوست ملک کی طرف سے ایک قدم بڑھا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سری لنکن حکام کی طرف سے پاکستان میں دوبارہ کھیلنے کا فیصلہ سکیورٹی وفد کی رپورٹ کے بعد کیا گیا ہے، لنکن بورڈ باقاعدہ اعلان کرنے سے قبل پہلے ملکی پلیئرز کو اعتماد میں لے گی جس کے بعد سری لنکن ٹیم دوبارہ ایک دہائی کے بعد پاکستان میں کھیلنے کے گئے آئے گی۔