کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں عیسائی بلاوائیوں نے حملے کر کے مسلمانوں کی درجنوں دکانوں اور املاک کو نذر آتش کر دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکن گاؤں نیگومبو میں کیتھولک عیسائیوں کے ایک گروہ نے معمولی تلخ کلامی کے بعد مقامی مارکیٹ میں واقع مسلمانوں کی دکانوں میں تھوڑ پھوڑ کی اور گاڑیوں کو نذر آتش کردیا گیا۔
سری لنکا کی آرمی کے انٹیلی جنس اہلکار کے مطابق جھگڑا کیتھولک عیسائیوں کے ایک گروہ کی جانب سے مسلمان رکشہ والے کی تلاشی کے مطالبہ پر ہوا۔ جس کے بعد بات تلخ کلامی تک جا پہنچی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فسادات میں دو دکانوں کو مکمل طور پر نذر آتش کر دیا گیا جبکہ درجن بھر گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی اور10 سے زائد دکانوں میں توڑ پھوڑ کی گئی جبکہ مسلمان تھانوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
سری لنکا پولیس کے ترجمان روآن گونا سیکیرا کے مطابق مسلمانوں سے جھگڑا کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے والے افراد نشے میں تھے۔ فسادات کو قابو میں کرنے کے لیے متاثرہ علاقے میں مزید نفری بھیج دی گئی ہے۔
ادھر کیتھولک چرچ نے عیسائی شہریوں سے پُرسکون رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ عوام قانون کو اپنے ہاتھوں میں لینے سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ و پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔