کولمبو: (روزنامہ دنیا) سری لنکا کی پولیس نے کولمبو میں ایسٹر کے روز دہشت گردی کرنیوالے مشتبہ افراد کی تصاویر جاری کر دیں۔ پولیس نے مشتبہ افراد کی نشاندہی کے سلسلے میں شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسٹر دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 253 ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حملے میں مبینہ طور پر ملوث ظہران ہاشم کی بہن نے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میرے بھائی نے جو کیا اس پر وہ شدید خوف زدہ ہیں۔ دریں اثنا سری لنکا میں ہونیوالے دھماکوں میں ملوث دہشت گرد کی بیوی بھی دہشت گرد نکلی۔ رپورٹ کے مطابق شدت پسند خاتون نے پولیس کے چھاپے کے دوران خود کو اڑا لیا۔
لنکن حکام نے کہا کہ دھماکوں میں ہلاک ہونیوالے افراد کی تعداد غلطی سے 359 جاری ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ کئی لاشیں دو مرتبہ گنتی کئے جانے کے باعث زیادہ ہلاکتوں کی رپورٹ جاری ہوئی جبکہ ایسٹر دھماکوں میں ہلاک ہونیوالوں کی اصل تعداد 253 ہے۔