اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشی ٹیم پر فخر ہے، چار ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ختم ہوگیا۔
وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ خسارہ ختم ہونے سے روپے کی قدر میں اضافہ ہوگیا، روپے کی قدر میں چار روپے اضافہ ہوا، معاشی ٹیم اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے۔
یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے میانوالی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا بتانا چاہتا ہوں کہ ملک کہاں تھا اور آج کہاں کھڑا ہے، 2018 کے بعد ہمیں جو پاکستان ملا اس میں سخت مالیاتی خسارے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا تھا، کسی حکومت کو ایسا تاریخی خسارہ ور ثے میں نہیں ملا جس کا سامنا ہمیں کرنا پڑا، ساڑھے 12 سو ارب روپے گردشی قرضے کا سامنا تھا جبکہ (ن) لیگ کو ساڑھے 4 سو ارب روپے کا خسارہ ملا تھا، سابق حکومت گیس کی مد میں 154 ارب روپے کا خسارہ چھوڑ کر گئی۔
عمران خان نے کہا سابق حکومت ساڑھے 19 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ چھوڑ کر گئی یعنی زیادہ ڈالر باہر جا رہا تھا اور کم ملک میں آ رہا تھا، ہم اقتدار میں آئے تو ڈالروں میں خسارہ بڑھنے کے نتیجہ میں روپیہ گرنا شروع ہو گیا کیونکہ جب ڈالر کی کمی ہو جاتی ہے تو روپیہ گرنا شروع ہو جاتا ہے، سابق حکومت ڈالر کو مارکیٹ میں پھینک کر روپے کی قدر کو برقرار رکھے ہوئی تھی، ہم نے جب اقتدار سنبھالا تو پیسہ تھا ہی نہیں اس لئے روپیہ 35 فیصد گرا، مہنگائی پر قابو پا کر دکھاؤں گا۔