اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ابرار الحق کی بطور چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی تعیناتی پر حکم امتناع برقراررکھتے ہوئے وفاق کو 5 دسمبر تک جواب جمع کرانے کی مہلت دتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سابق چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی سعید الہی کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ عدالت میں پیش ہوئے اور جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی، عدالت نے ابرار الحق کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن آئندہ سماعت 5 دسمبر تک معطل رہنے کا حکم دیا اور وفاق کی جواب جمع کرانے کی استدعا منظور کر لی۔
عدالت نے جمعرات تک فریقین کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی جبکہ اٹارنی جنرل انور منصور کو آئندہ سماعت پر عدالتی معاونت کی ہدایت بھی کی، اٹارنی جنرل گذشتہ سماعت پر بغیر عدالتی نوٹس ابتدائی سماعت پر پیش ہو گئے تھے۔ عدالت نے دوران سماعت اٹارنی جنرل کو نوٹس وصول کرایا اور جواب داخل کرانے کی ہدایت کی تھی۔
عدالت نے وفاق کو بذریعہ اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن اور ابرار الحق سمیت دیگر فریقین کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آئندہ جمعرات پانچ دسمبر تک ملتوی کر دی ہے، عدالت نے ابرار الحق کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل برقرار رکھتے ہوئے سابق چیئرمین سعید الہٰی کو عہدے پر بحال رکھا ہے۔