اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی وزارتِ حج و عمرہ اور دیگر شعبوں کے ساتھ معاہدے اور اہم ملاقاتیں کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر مذہبی انور پیر نور الحق قادری اور وفاقی سیکرٹری مذہبی امور میاں مشتاق بورانہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد مکہ مکرمہ میں دفتر امور حجاج پاکستان پہنچیں گے جہاں ڈائریکٹر جنرل حج مختلف خدمات کی فراہمی بارے معاہدات پر بریفنگ دیں گے۔
سعودی وزیر حج وعمرہ کے ساتھ سالانہ حج معاہدے کے بارے میں اہم اجلاس 4 دسمبر کو سعودی وزارتِ حج وعمرہ میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں حجاج کرام کی تجاویز کی روشنی میں مزید بہتر سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی تبادلہ کیا جائے گا۔
اجلاس کے آخر میں دونوں ملکوں کے مابین سالانہ حج معاہدہ طے پائے گا۔ 5 دسمبر کو پاکستانی وفد مکہ مکرمہ اور جدہ میں مصروف ترین دن گزارے گا۔ سفری سہولیات کے سعودی محکمے نقابہ السیارات، مشاعر میں مکاتب کے صدر دفتر موسسہ جنوب ایشیا اور مکتب الوکلا کے ساتھ اہم اجلاس اور معاہدات طے پائیں گے۔
7 دسمبر کو پاکستانی وفد مدینہ منورہ جائے گا جہاں مختلف خدمات کی فراہمی کا ذمہ دار ادارہ موسسہ ادلاء کے ساتھ معاہدات طے پائیں گے۔ پاکستانی وفد 8 دسمبر کو واپس پاکستان آئے گا۔