لاہور ہائیکورٹ نے 9 سیشن ججوں کے تبادلے کر دیئے

Last Updated On 05 December,2019 04:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد سیشن ججوں کے تبادلوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر اکیڈمیز جزیلہ اسلم کو سیشن جج قصور، انسداد منشیات عدالت راولپنڈی کے جج محمد اکرم کو خوشاب، سیشن جج راجن پور محمد یار ولانہ کو چکوال اور اینٹی کرپشن عدالت ڈی جی خان کے جج عبدالرحمن کو لودھراں تعینات کر دیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ لیبر کورٹ نمبر 10 ساہیوال کے جج بخت فخر بہزاد کو راجن پور، سیشن جج چکوال شاذب سعید کو پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اور عدالت نمبر 6 لاہور کی جج شاہدہ سعید کو پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں ڈائریکٹر اکیڈمیز تعینات کر دیا گیا ہے۔

سیشن جج لودھراں منیر احمد اور سیشن جج قصور محمد مسرور زمان کو بھی لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایات کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں تبدیل ہونے والے تمام سیشن ججوں کو 10 دسمبر تک نئی تعیناتیوں کا چارج سنبھالنے کے احکامات صادر کر دیئے گئے ہیں۔

ادھر لاہور ہائیکورٹ نے تعیناتی کے منتظر 2 سیشن ججوں کی خدمات وفاق کے سپرد کر دی ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

او ایس ڈی سیشن جج وسیم اختر کو بینکنگ عدالت فیصل آباد اور او ایس ڈی سیشن جج صفدر سلیم شاہد کو سپیشل جج سنٹرل ون لاہور تعینات کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن میں دونوں سیشن ججوں کو 10 دسمبر تک نئی تعیناتیوں کا چارج سنبھالنے کی ہدایات کی گئی ہے۔