ملازمین کا دھرنے دینا آئین، قانون اور عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی، لاہور ہائیکورٹ

Last Updated On 22 November,2019 09:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے شہر کی سب سے مشہور شاہراہ مال روڈ پر دھرنوں اور احتجاجوں کے خلاف عبوری تحریری حکم جاری کر دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد کی جانب سے جاری 12 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامے میں شہر میں ریڈ زون قرار دینے سے متعلق قانون سازی کا ڈرافٹ 25 نومبر کو طلب کر لیا گیا ہے۔

عدالت نے پیمرا کو مال روڈ پر دھرنوں اور احتجاجوں کی کوریج پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیتے ہوئے تمام ٹی وی چینلز کو آگاہ کرنے کا کہہ دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے حکام کو احتجاجی ملازمین سے مذاکرات کرنے اور تمام ملازمین کو دھرنا ختم کرنے کا بھی حکم دیا۔

عدالت نے حکم کے بعد دھرنا دینے والے ملازمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا بھی حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی ملازم عدالتی حکم کے بعد دھرنا دے تو اس کا کنٹریکٹ ختم کر کے نوکری سے برخاست کر دیا جائے۔ ملازمین کا دھرنے دینا آئین، قانون اور عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔