لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مشرف کی خصوصی عدالت کے فیصلہ محفوظ کرنے کیخلاف درخواست کو قابل سماعت قرار دے دیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو بھی معاونت کے لیے طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سابق صدر پرویز مشرف کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے درخواست پر عائد اعتراضات ختم کرتے ہوئے اسے سماعت کے لیے منظور کر لیا۔ پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے فیصلہ رکوانے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے، وکیل نے ماڈل ایان علی کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا خصوصی عدالت کی کوئی قانونی حیثیت نہیں کیونکہ اس کی تشکیل سے قبل کابینہ کی منظوری نہیں لی گئی۔
دوران سماعت عدالت کی جانب سے استفسار کیا کہ کیا پرویز مشرف عدالت کی اجازت کے بعد ملک سے باہر گئے جس پر وکیل نے بتایا کہ پرویز مشرف عدالت کی اجازت کے بعد ہی علاج کے لیے ملک سے باہر گئے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے خصوصی عدالت کی تشکیل سے متعلق مسودہ بھی طلب کر لیا اور پرویز مشرف کی درخواست پر مزید کاروائی 28 نومبر تک ملتوی کر دی۔