اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب میں انتظامی تبدیلیوں کے معاملے پروزیراعظم سے وزیراعلی پنجاب کی آج دوبارہ ملاقات کا امکان ہے۔ سردار عثمان بزدار، عمران خان سے اہم امور بارے رہنمائی حاصل کریں گے۔
تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس اور وزیراعظم سے گزشتہ روز وزیراعلی پنجاب کی ملاقات میں صوبے میں انتظامی تبدیلیوں کا معاملہ زیر غور آیا جس کے بعد وزیراعلی اور وزیراعظم کے درمیان آج ایک اور ملاقات کا امکان ہے۔ وزیراعلی آج بھی اسلام آباد میں موجود ہیں، سردار عثمان بزدار دیگر اہم شخصیات سے بھی اسلام آباد میں اعلی سطحی مشاورت کریں گے۔
انتظامی تبدیلوں کے ساتھ ساتھ بعض وزرا کے محکموں میں بھی ردو بدل کا جائزہ لیا جا رہا ہے، پارٹی کی کور کمیٹی اور ارکان پنجاب اسمبلی بیورو کریسی کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں، پنجاب میں اہم تبدیلیوں کے لئے وزیراعلی کی مشاورت حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ وزیراعلی گزشتہ 15 روز میں ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں کی سیریز کرچکے ہیں۔
ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات میں بیور و کریسی کے خلاف شکایات کیں۔ ارکان کا کہنا تھا کہ بیورو کریسی عوام مسائل کے حل کے لئے تعاون نہیں کر رہی۔