لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ملک کو قرضوں کے چنگل میں جکڑنے والے کس منہ سے رہنمائی کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔ ہم سچے جذبے سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سابق دور میں ملک کو قرضوں کے چنگل میں جکڑنے والے کس منہ سے رہنمائی کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا ”کرپشن فری پاکستان“ قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ارکان اسمبلی پنجاب کو مثالی صوبہ بنانے کے مشن میں میرے دست وبازو ہیں۔ ہم سچے جذبے سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ نئے پاکستان میں کرپشن کی گنجائش ہے نہ کرپٹ عناصر کی۔ ہماری سمت درست اور نیت نیک ہے۔ انشا اللہ فلاح عامہ کے انقلابی پروگرام پر عملدرآمد کرتے ہوئے اہداف حاصل کریں گے۔
انہوں نے اراکین اسمبلی کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں محمد عامر نواز خان، راجا صغیر احمد، امجد محمود چودھری، محمد لطاسب ستی، چودھری ساجد محمود، جاوید کوثر اور دیگر شامل تھے۔
رکن پنجاب پنجاب اسمبلی اور چیف وہیب سید عباس علی شاہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلیٰ بھی اس پر موجود تھے۔