لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بے مقصد احتجاج اور دھرنوں کے باعث قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا گیا، جن عناصر نے اسلام آباد میں احتجاج کیا، قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔
جمعیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جب ملک میں اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے، اس وقت بلا جواز افراتفری پھیلانے کی کوشش قومی مفادات کے منافی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک پائیدار ترقی اور استحکام کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو پاکستان کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان آگے بڑھے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ملک کو اس وقت منفی سیاست کی نہیں بلکہ استحکام کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔ جوش نہیں بلکہ ہوش کی راہ پر چلنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ملک افراتفری کی سیاست سے آگے نہیں جا سکتا۔ قوم کی خوشحالی کیلئے منفی سیاست سے قطع تعلق کرنا ہوگا۔ ترقی کا واحد راستہ ملک میں استحکام، اتحاد اور اتفاق میں ہے۔