لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کابینہ نے بلدیاتی مسودہ قانون میں ترامیم کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے کابینہ کے فیصلوں پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی، صرف سیاسی جماعت یا انتخابی گروپ بنا کر بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی، اقلیتوں کو جنرل نشستوں پر بھی ووٹنگ کا حق دیا گیا ہے، پنجاب ڈی مارکیشن آف لوکل ایریاز رولز 2019 کے تحت مقامی علاقوں کی حدبندی کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے پنجاب میونسپل سروسز پروگرام میں رد و بدل کی منظوری دیدی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی سکیموں پر مقامی حکومتیں عملدرآمد کرائیں گی، شاہی قلعہ اور اس کے بفر زون میں سیاحت کے فروغ کیلئے ہیریٹیج اینڈ اربن ری جنریشن پروگرام کی منظوری بھی دی گئی ہے، شاہی قلعہ میں خلوت خانہ اور دیگر حصوں کو بحال کیا جائے گا۔
پنجاب کابینہ کے اجلاس میں لاہور اور آذر بائیجان کے شہر نکچوان کو جڑواں شہر قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا اور اس ضمن میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی گئی۔