قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب

Last Updated On 30 October,2019 11:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ کاروبار زندگی میں کسی کو خلل نہیں ڈالنے دیں گے۔

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں آزادی مارچ کے شرکا کی سکیورٹی اور امن وامان قائم رکھنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مارچ کے حوالے سے مختلف شہروں میں اٹھائے گئے سکیوررٹی اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔ کاروبار زندگی میں کسی کو خلل نہیں ڈالنے دیں گے۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں جیلوں میں بند شدید بیمار قیدیوں کو بھی علاج معالجے کی معیاری سہولتیں دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سے جیلوں میں بند شدید بیمار قیدیوں کی فہرست طلب کی اور ہدایت دی کہ اس حوالے سے فہرست جلد تیار کرکے پیش کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جیلوں میں بند قیدیوں کو بھی بہترین علاج معالجہ دیں گے۔ یہ دو نہیں، ایک پاکستان ہے۔ جیلوں میں بند شدید بیمار قیدیوں کو بھی علاج معالجے کی معیاری سہولتیں ملنا ان کا حق ہے۔ پنجاب حکومت یہ حق شدید بیمار قیدیوں کو دے گی۔