رحیم یار خان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رحیم یار خان میں شیخ زید ہسپتال کا دورہ کرکے وہاں ٹرین میں آتشزدگی سے جھلسنے والے افراد کی عیادت کی۔
وزیراعلیٰ فرداً فرداً زخمی افراد کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات دینے کی ہدایت جاری کیں۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب زخمیوں کے علاج معالجہ کیلئے ہر طرح کے وسائل فراہم اور مکمل صحتیابی تک ان کی دیکھ بھال کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے زخمیوں سے المناک حادثے کے بارے میں معلومات بھی حاصل کیں۔ زخمی افراد نے انھیں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے زخمیوں کے علاج معالجے کی تفصیلات بھی دریافت کیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لیاقت پور میں ٹرین میں آتشزدگی کے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ٹرین میں آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اوراظہار تعزیت بھی کیا۔
وزیراعلیٰ نے افسوسناک حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرتے ہو ئے کہا کہ انہیں افسوسناک حادثے میں مسافروں کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج ہوا ہے۔ عثمان بزدارنے کہا کہ ان کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ زخمی افراد کے علاج معالجے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔