لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا احسن اقدام، خیبر پختونخوا کے لئے آٹے کی ترسیل بحال کرنے کا اعلان کردیا۔ محکمہ خوراک پنجاب کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔ وزیر خوراک خیبر پختونخوا نے اقدام کا خیر مقدم کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جذبہ خیر سگالی کے تحت خیبر پختونخوا کے لئے آٹے کی ترسیل بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ خوراک پنجاب کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت خیبر پختونخوا کی آٹے کی ضروریات کو پورا کرے گی۔ کمیٹی اس ضمن میں کئے جانے والے اقدامات کی باقاعدہ نگرانی کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کر دی۔ خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک قلندر خان لودھی نے آٹے کی ترسیل بحال کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری کوآرڈینیشن نے شرکت کی۔