جیل خانہ جات کی اصلاحات، وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان کو علیحدہ ریجن کا درجہ دیدیا

Last Updated On 06 November,2019 06:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی جانب سے پنجاب میں جیل خانہ جات کی اصلاحات کے تحت ڈیرہ غازی خان کو علیحدہ ریجن کا درجہ دے دیا گیا ہے۔

اس سے قبل آئی جی جیل خانہ جات کے نیچے 5 ریجنز تھے جن میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ساہیوال اور ایک ریجن ملتان جو جنوبی پنجاب کیلئے کافی نہیں تھا۔ نئے ریجن کے قیام کے آرڈر سے ڈیرہ غازی خان ریجن میں اب سینٹرل جیل ڈی جی خان، ڈسٹرکٹ جیل لیہ، راجن پور اور مظفر گڑھ آئیں گے جو کے ڈی آئی جی رینک کے پولیس آفیسر کی زیر نگرانی ہونگے۔

اس اس احسن اقدام سے جیلوں میں قید عام قیدیوں کے مسائل حل کرنے میں تیزی لائی جا سکے گی اور شکایات کا فوری ازالہ ہو سکے گا۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار جیلوں کے خصوصی دورے بھی کئے۔ انہوں نے قیدیوں کے مسائل دریافت کئے اور جیل ہسپتالوں میں بہتری کے لئے احکامات جاری کئے۔ اس سلسلے میں سب سے اہم مسئلہ جیل خانہ جات کی مینجمنٹ تھا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے جیلوں میں اوور کراوڈنگ کے معاملے کو حل کرنے کیلئے نئی جیلیں بھی بنائی جا رہی ہیں اور 600 ملین روپے کی لاگت سے پہلے مرحلے میں جیلوں کی تجدید نو کا کام جاری ہے۔

پانچ سو ملین کی لاگت سے ضلع راولپنڈی، خوشاب، چکوال، چنیوٹ اور ننکانہ صاحب میں نئی جیلوں کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔ لودھراں میں 1300 ملین کی لاگت سے ڈسٹرکٹ جیل اور میانوالی میں 900 ملین کی لاگت سے ہائی سیکیورٹی پرزن کے منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں۔ پنجاب کی 34 جیلوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کئے جا چکے ہیں اور واچ ٹاورز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
 

Advertisement