لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور سپیکر چودھری پرویز الہٰی نے ملاقات میں اختلافات کی خبروں کی نفی کر دی، پرویز الہٰی بولے کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اوررہیں گے، اتحاد میں رخنہ ڈالنے والوں کی خواہش دلوں میں ہی رہ جائے گی۔
حکومت اور اتحادی جماعت میں اختلافات کی افواہیں دم توڑ گئیں، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کی ایوان وزیراعلیٰ آمد پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات ہوئی، ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ اور رکن قومی اسمبلی مونس الہٰی بھی ملاقات میں موجود رہے۔
چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ساتھ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔
عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی کی کارروائی احسن طریقے سے چلانے پر سپیکر پرویز الہٰی کو خراج تحسین پیش کیا، کہا کہ عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے ملکر کام کررہے ہیں اورکرتے رہیں گے۔ غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازشیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ پنجاب کی ترقی کے سفر میں اتحادیوں کو ساتھ لیکرچلیں گے۔ دونوں اتحادیوں نے اتفاق کیا کہ ہر مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے میں ہی دانشمندی ہے۔