'بھارت اب حقیقی معنوں میں ہندوستان بن گیا'

Last Updated On 11 December,2019 08:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) بھارت اب حقیقی معنوں میں ہندوستان بن گیا ہے، سیکولر ازم کے پردے میں چھپے بھارت کا گھناؤنا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں اپنے تجزیئے میں میزبان نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر بھارت کی فوج کے مظالم نے پوری دنیا کو حیران پریشان کر رکھا ہے، ہندوؤں کیلئے دروازے کھول دیئے جبکہ مسلمانوں سے بھارتی شہریت چھیننا شروع کر دی ہے۔

نئی دہلی سے نامور بھارتی کالم نگار، صحافی سدھیندرا کلکرنی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بل کی منظوری آج بھارت کے لئے ایک کالا دن ہے، بھارتی آئین کے لئے ایک سیاہ دن ہے اور اس بل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ آزادی کے وقت بھارت نے خود کو ہندو ملک ہونے کا اعلان نہیں کیا تھا، قانون کے سامنے مسلمان، ہندو، سکھ، عیسائی برابر ہیں۔ بھارت ہندو ریاست نہیں بنے گا، مودی سرکار کچھ لوگوں کو گمراہ کرنے میں کامیاب ہوئی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ ہمیشہ کامیاب رہے گی، بھارت کی ہندو کمیونٹی بھی اس کے خلاف لڑے گی۔

افغانستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے میزبان نے کہا کہ امریکا نے افغانستان میں 2 کھرب ڈالر جھونک دیئے اس کے باوجود نہ افغانستان میں امن قائم ہوا نہ ہی امریکا اپنے مقاصد میں کامیاب ہوا ہے، یہ سب کچھ امریکی دستاویزات کے ذریعے سامنے آیا ہے۔ ان دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکی حکام 18 سال سے افغانستان میں جاری جنگ پر امریکی عوام کو سچائی بتانے میں ناکام رہے، 2300 امریکی فوجی ہلاک جبکہ ساڑھے 20 ہزار فوجی زخمی ہوئے۔

اس حوالے سے افغان امور کے ماہر سینئر صحافی احمد رشید نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ انکشافات خوش آئند ہیں، حقائق سامنے آرہے ہیں کہ امریکا نے بہت بری طرح سے یہ جنگ ہاری ہے، ان انکشافات سے افغانستان میں امریکی سیاست، فوج اور ان کے بندوبست کو کاری ضرب لگی ہے اور اس وقت مذاکرات دوبارہ شروع کرنا بہت مشکل ہے، ابھی چار اہم چیزیں ہونے والی ہیں۔